واشنگٹن،30جون؍(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مغربی افریقی ملک مالی کے امن مشن کے لیے مزید دو ہزار فوجی اور تقریباً پانچ سو پولیس اہلکار روانہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مالی میں بڑھتے ہوئے پُر تشدد واقعات کے باعث کیا گیا ہے۔ اس سال فروری سے مالی میں جرمن فوج کے بھی تقریباً تین سو فوجی تعینات ہیں۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران مالی میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے ستّر سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ اس ملک میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں جون 2017ء تک کی توسیع کرنے اور وہاں تعینات امن فوج کی نفری بڑھا کر تقریباً تیرہ ہزار تین سو تک کر دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔